سماج دشمن عناصر اور امن خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ،و زیراعلی بلوچستان علاالدین مری

عوام کے جان ومال کے تحفظ اور عام انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، آئی جی بلوچستان سے گفتگو وزیراعلی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی کرنے پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا صوبے میں پرامن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، آئی جی بلوچستان محسن بٹ کی گفتگو

بدھ جون 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) نگران وزیراعلی بلوچستان علاالدین مری نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور عام انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سماج دشمن عناصر اور امن خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے امن وامان کی صورتحال کی مزید بہتری کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کریں اور انتخابات کے انعقاد کے لئے مثر سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس محسن بٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز ان سے ملاقات کی۔

آئی جی پولیس نے وزیراعلی کو امن وامان کی مجموعی صورتحال، انتخابات کے لئے مجوزہ سیکیورٹی پلان کے علاوہ مستونگ کے علاقے دشت میں دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کامیاب کاروائی کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی کرنے پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم پیشرفت قرار دیا۔

انہوں نے دہشت گردی کی جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان قربانیوں کی بدولت جلد صوبے میں مکمل امن قائم ہوگا وزیراعلی نے مزید کہا کہ پرامن ماحول میں عام انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی اس ذمہ داری سے احسن طریقے سے عہدہ برا ہونے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے۔ آئی جی پولیس نے وزیراعلی کو یقین دلایا کہ ان کی رہنمائی میں صوبے میں پرامن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔