صدف کنول کی عید پر ریلیز فلموں کے ہدایتکاروں پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید

کیا وہی دو ہدایت کار ہمیں اچھی، انٹرٹیننگ فلمیں ہر سال ریلیز کرکے دیتے رہیں گی باقی لوگ کیا کررہے ہیں

جمعرات 21 جون 2018 11:44

صدف کنول کی عید پر ریلیز فلموں کے ہدایتکاروں پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) ماڈل اور اداکارہ صدف کنول رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں کے ہدایت کاروں پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی ہے۔اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر صدف نے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ کیا وہی دو ہدایت کار ہمیں اچھی، انٹرٹیننگ فلمیں ہر سال ریلیز کرکے دیتے رہیں گی باقی تمام لوگ کیا کررہے ہیں واقعی میں، ان تین دنوں نہایت بدترین فلمیں سامنے آئیں۔

خیال رہے کہ اس عید ماہرہ خان کی فلم ’سات دن محبت ان‘، سونیا حسین کی فلم ’آزادی‘، دانش تیمور کی فلم ’وجود‘ اور میکال ذالفقار کی فلم ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ ریلیز ہوئیں۔صدف کنول کی پوسٹ پر آزادی سے ڈیبیو کرنے والی سونیا حسین نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ فلم سازی میں ہر دوسری فلم کامیڈی نہیں ہوسکتی، ہر طرح کی فلمیں پسند کرنے والے ناظرین کے لیے ایسی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

سونیا نے مزید کہا کہ ’باکس آفس پر سات دن محبت ان اور آزادی کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، اور یہ بڑی کامیابی ہے۔تاہم صدف کنول نے سونیا کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں متفق ہوں کہ ہر دوسری فلم کامیڈی نہیں ہوسکتی، لیکن اگر بولی وڈ فلموں پر پابندی عائد نہیں کی جاتی تو پھر دیکھتے ان فلموں کے کتنے ٹکٹس فروخت ہوتے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’نامعلوم افراد 2‘ میں صدف کنول نے ایک آئٹم سانگ پرفارم کیا تھا۔