مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی کارروائیوں کے مقابلہ میں بھارتی فوج کی کارروائیوں میں کہیں زیادہ سویلین کشمیری مارے گئے، مقبوضہ کشمری کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کا ٹی وی انٹرویو

غلام نبی آزاد بھارتی فوج کے حوصلے پست کررہے ہیں ، بی جے پی

جمعرات 21 جون 2018 12:12

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتی اپوزیشن جماعت کانگرس کے رہنما غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی کارروائیوں کے مقابلہ میں بھارتی فوج کی کارروائیوں میں کہیں زیادہ سویلین کشمیری مارے گئے ہیں۔بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے غلام نبی آزاد کے اس بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے بھارتی فوج کے حوصلے پست کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں غلام نبی آزاد نے مزید کہا کہ بی جے پی کی طرف سے بھرپور کارروائی جیسے الفاظ کا استعمال اس بات کا عندیہ ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا بھارتی فوج چار حریت پسندوں کے خلاف کارروائی میں 20 سویلین شہریوں کوماردیتی ہے مثال کے طور پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے ایک کارروائی کے دوران ایک حریت پسند کے ساتھ 13 سویلین شہریوں کو مار ڈالا۔

(جاری ہے)

ادھر بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں راجیہ سبھا کے رکن اور بی جے پی کے نیشنل میڈیا چیف انیل بلونی نے غلام نبی آزاد کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام نبی آزاد بی جے پی پر تنقید کریں ملک کی مسلح افواج پر منفی تبصرے نہ کریں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد فوجی کاررائیوں میں شدت آنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔