بھارتی حکمرانوںکی ہٹ دھرمی کے باعث خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے‘ میر واعظ فورم

بھارت کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ہر طرح کے غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے برائے کار لا رہا ہے

جمعرات 21 جون 2018 12:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں شہید ہونیو الے نوجوانوں دانش خالق ،عادل احمد اور قاسم کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ بھارت کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ہر طرح کے غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے برائے کار لا رہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں روز انسانی خون سے ہولی کھیلی رہی ہیں اورکشمیریوں کو شدید قسم کے مصائب اور تشدد کا شکار بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور منفی طرز عمل کی وجہ سے خطے کا امن بری طرح سے دائو پر لگا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کو مراعات یا انتظامی مسئلہ سمجھنے کے بجائے اسے کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کرے۔

جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھی شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے بے گناہ کشمیریوں کی جانوں کے زیاں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی چیرہ دستوں کی وجہ سے کشمیری نوجوان عسکریت کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوںکے عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کیا جانا چاہیے تاکہ بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے نمایاں ہو۔