این اے53 ،عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری،

مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم،سماعت کل پھر ہو گی

جمعرات جون 13:02

این اے53 ،عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کو ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹربیونل نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف درخواست پر این اے 53 کے ریٹرننگ افسر کو مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جمرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیٹ ٹربیونل جسٹس محسن اخترکیانی نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے دلائل میں موقف اپنایا کہ عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، وہ عوام کے بنیادوں حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، انہوں نے این اے 53 سے انتخابات لڑنے کیلئے کاغذات جمع کرائے، 19 جون کو جانچ پڑتال کے بعد عمران خان کے کاغذات نامزدگی کمزوربنیاد پرمسترد کئے گئے۔

(جاری ہے)

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو کیوں نااہل قرار دیا جس پر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کیخلاف آر او کا فیصلہ انصاف کے برعکس اور غیر منصفانہ ہے، کاغذات نامزدگی میں درخواست گزار نے حقائق چھپائے نہ غلط بیانی کی، استدعا ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔اپلیٹ ٹریبیونل نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔