سعودی شاہ سلمان کا افغان حکومت اور طالبان کے مابین عید الفطر کے دنوں میں عارضی جنگ بندی کا خیر مقدم

دونوں فریق اس جنگ بندی کو جاری رکھیں، افغانی عوام نے بڑی جنگوں اور مشکلات کا سامنا کیا، اب وہ اور عالم اسلام ماضی کے صفحے کو بند کرکے ایک نیا صفحہ کھولنے کی امید رکھتے ہیں ،سعودی سفارتخانے کا بیان

جمعرات 21 جون 2018 13:02

سعودی شاہ سلمان کا افغان حکومت اور طالبان کے مابین عید الفطر کے دنوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے افغان حکومت اور طالبان کے مابین عید الفطر کے دنوں میں عارضی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق اس جنگ بندی کو جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سعودی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے افغان حکومت اور تحریک طالبان کے درمیان عید الفطر کے دنوں میں عارضی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عارضی جنگ بندی لمبے عرصے تک قائم رہے تاکہ دونوں اطراف کے افغانی عوام کے لئے امن قائم کرنے کا موقع ملے۔

شاہ سلمان نے کہا کہ افغانی عوام نے بڑی جنگوں اور مشکلات کا سامنا کیا اب وہ اور عالم اسلام ماضی کے صفحے کو بند کرکے ایک نیا صفحہ کھولنے کی امید رکھتے ہیں جو شدت پسندی سے دور‘ درگزر‘ صلح‘ رواداری اور جس میں بے گناہ لوگوں کی زندگیوں کا خیال رکھا جائے ایسے اصولوں پر قائم ہو جس کی عظیم اسلامی تعلیمات دعوت دیتی ہیں کہ فرقہ واریت سے دور رہا جائے۔ انہوں نے دعا کی کہ الله تعالیٰ برادر اسلامی جمہوریہ افغانستان اور اس کے عزیز عوام کو امن اور استحکام سے نوازے۔