ضلعی انتظامیہ کے مون سون سیزن میں سیلاب اور دیگر آفات سے نمٹنے کے اقدامات مکمل

جمعرات جون 13:04

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) ضلعی انتظامیہ نے مون سون سیزن میں سیلاب اور دیگر آفات سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرشاہد علی خان کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہواجس میں اسسٹنٹ کمشنر مغیث ثنا ء اللہ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جد ی خان خلیل، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اخیتار علی،ڈسٹرکٹ ڈائیریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر معصوم علی، ریسکیو ایمرجنسی آفیسر عارف خان، ڈی او سوشل ویلفیئر یونس آفریدی، انچارج ڈی ڈی ایم یو ڈی سی آفس حسیب الرحمان سمیت ایریگیشن، سول ڈیفنس، واپڈا،، چاروں ٹائون میونسپل آفیسرز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افسران نے بتایا کہ ان کے محکموں نے مون سون سیزن میں سیلاب اور دیگر آفات سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیںجبکہ ڈپٹی کمشنرپشاور کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو کہ چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔ اور عوام خدانخواستہ سیلاب یا دیگر آفات کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم کے نمبر 1052 پر فوری اطلاع کر سکتے ہیں۔

محکمہ ایریگیشن کا عملہ 24 گھنٹے دریائوں کی نگرانی کر کے روزانہ کی بنیاد پر پانی کے بہائو اور اونچائی کے بارے میں رپورٹ کرے گا۔ ریسکیو سمیت دیگر محکموں نے بھی اپنی مشینری ، کشتیاں اور دیگر سامان کو ایمرجنسی کے لئے تیار کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مون سون سیزن میں خوانخواستہ سیلاب و قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کا کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گااور خدانخواستہ کسی بھی ایمرجنسی کی حالت میں فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔