ابو ظہبی: ٹرانزٹ مسافروں کے لیے ایئرپورٹ پر سستانے کی سہولت متعارف کرا دی گئی

ابو ظہبی ایئرپورٹ پر دِن کے اوقات میں دو گھنٹے جبکہ رات میں چار گھنٹے کی نیند کا پیکج متعارف کرایا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات جون 13:08

ابو ظہبی: ٹرانزٹ مسافروں کے لیے ایئرپورٹ پر سستانے کی سہولت متعارف ..
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات کے ایئر پورٹس پر ہر سال لاکھوں کروڑوں افراد عارضی قیام کے لیے رُکتے ہیں اور پھر یہاں سے انٹرنیشنل فلائٹس اپنی اپنی مطلوبہ منزلوں کی جانب روانہ ہو جاتی ہیں۔ ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹرانزٹ مسافروں کے عارضی قیام کو مدنظر رکھتے ہوئے ایرو ٹیل کی جانب سے صبح نو بجے سے رات آٹھ بجے کے دوران ہر مسافر کے لیے دو گھنٹے بستر پر آرام کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ نائٹ پیکج میں رات آٹھ بجے سے صبح بجے کے دوران 4 گھنٹے کی نیند لینے کی سہولت میسر ہے۔

ٹرانزٹ مسافروں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے دستیاب بستروں کو دو گھنٹے اور چار گھنٹے کے دورانیے پر محدود کرنے کا مقصد یہ ہے کہ تمام مسافر باری باری اپنی نیند پُوری کرنے کے علاوہ تھکن سے نجات حاصل کر لیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ابو ظہبی ایئرپورٹس کے عبوری چیف کمرشل آفیسر سعود الشمسی کا کہنا تھا ’’ابو ظہبی ایئرپورٹس کی سب سے بڑی ترجیح ابو ظہبی کے ذریعے دُنیا کے دوسرے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر سفر کرنے والے مسافروں کے سفر کو آرام دہ اور تھکن سے عاری بنانا ہے۔

سالانہ دو کروڑ سے زائد ٹرانزٹ ویزہ والے مسافر اس ایئر پورٹ پر قیام کرتے ہیں‘ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایروٹیل کی جانب سے ابو ظہبی ایئر پورٹس پر نیند اور آرام کی غرض سے یہ سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔ ‘‘ ایرو ٹیل کی جانب سے عارضی آرام کی یہ سہولت ٹرمینل نمبر 1 پر مہیا کی گئی ہے‘ جہاں آرام کی غرض سے 38 کشادہ کمرے موجود ہیں‘ جنہیں تین درجوں سولو رُوم‘ ڈبل پلس اور ڈبل سکویئرڈ میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ اکیلا مسافر اور کُنبے کی صورت میں سفر کرنے والے افراد اپنی سہولت کے پیش نظر کمروں کا انتخاب کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :