صوبہ بھر میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز کے استعمال پر سختی سے پابندی عائد

جمعرات 21 جون 2018 13:45

فیصل آباد۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میںٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے صوبہ بھر میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز کے استعمال پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم اما م کی جانب سے صوبہ بھر کے تمام ٹریفک پولیس حکام ، ڈی آئی جی ٹریفک ، ڈویژنل ایس پیز ٹریفک ، آر پی اوز ، سٹی پولیس آفیسرز ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، چیف ٹریفک آفیسرز، ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز ٹریفک پولیس ، ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس ، تمام ٹریفک پولیس انسپکٹرز کے نام جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہاگیاہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ مختلف سنگین حادثات اور شاہرات پر ہونے والے ایکسیڈنٹس میں یہ بات دیکھی گئی ہے کہ زیادہ تر حادثات ڈرائیورز کے دوران ڈرائیونگ موبائل فونز کے استعمال کے باعث رونماہوتے ہیں لہٰذا دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کی انتہائی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔

(جاری ہے)

ریجنل ٹریفک پولیس فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے تاکہ ڈرائیورز کو دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے روکا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ اس ضمن میں کسی نرمی کا مظاہرہ نہیں کیاجائیگا۔