بحرین:ڈرائیوروں کو ماہانہ سو لٹر پٹرول مفت دینے کا منصوبہ زیر غور

مُلک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث یہ سکیم متعارف کرائی جا سکتی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جون 2018 13:44

بحرین:ڈرائیوروں کو ماہانہ سو لٹر پٹرول مفت دینے کا منصوبہ زیر غور
منامہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جُون 2018ء) گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دُنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کا اثر اشیائے خوردنی اور روزمرہ کی دیگر ضروری اشیاء پر بھی پڑر ہا ہے۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث دُنیا کے بہت سے ممالک مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں حتیٰ کہ تیل کی نعمت سے مالامال ممالک کے باشندے بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے نالاں نظر آتے ہیں کیونکہ ا س کے باعث ان کے گھر کا بجٹ بُری طرح متاثر ہوا ہے۔

کئی ممالک کی طرف سے عوام کو سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔ بحرین میں مہنگائی سے ستائے عوام کے لیے اُمید کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے۔ حکومت کی جانب سے شہریوں کوگاڑیوں کے لیے ماہانہ ایک سو لٹر پٹرول مُفت دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد مہنگی کے ہاتھوں پِسی ہوئی عوام کو ریلیف دینا ہے۔ اس تجویز کی ابتدائی منظوری مملکت کی مالی اور اقتصادی معاملات کی کمیٹی کی جانب سے دے دی گئی جس کو حتمی منظوری کے لیے نمائندگان کی کونسل کی جانب سے ووٹنگ میں مثبت ردِعمل کا انتظار کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بحرین کے نچلے اور متوسط طبقے کے گھرانے بہت پریشان نظر آتے ہیں‘ ان کی اسی پریشانی اور تشویش کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس تجویز کی منظوری کے لیے مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے مُلک کے متوسط اور نچلے طبقے کی مالی پریشانیوں میں کمی واقع ہو گی اور وہ اپنے معاشی معاملات کو بہتر انداز سے ہینڈل کر سکیں گے۔ جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ مُلک میں موجود غیر مُلکی ملازمین کی بڑی تعداد کے باعث مقامی شہریوں کی بڑی گنتی روزگار سے محروم ہے یا انہیں بہتر ملازمت میسر نہیں۔ماہانہ سو لٹر پٹرول کی فراہمی سے اُنہیں اپنی تنگدستی پر قابو پانے میں مدد مِلے گی۔