مونگ پھلی کی اچھی پیداور کیلئے کھادوں کا متناسب استعمال ضروری ہے، زرعی ماہرین

جمعرات 21 جون 2018 14:44

فیصل آباد۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ مونگ پھلی کی اچھی پیداور کیلئے کھادوں کا متناسب استعمال ضروری ہے لہٰذا کاشتکار فصل کیلئے کھادوں کی مقدار کا صحیح تعین کرنے کیلئے اپنی زمین کا تجزیہ کروائیں اور تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں ماہرین زراعت کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا استعمال یقینی بنایاجائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مونگ پھلی کے کاشتکار کھادوں کی مقدار کا درست استعمال کریں ۔ انہوںنے کہاکہ پھلی دار فصل ہونے کے ناطے مونگ پھلی اپنی ضروریات کی 80فیصد نائٹروجن فضا ء سے حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جولائی کے دوران اور اگست کے آغاز میں جب فصل پھول نکا ل رہی ہوتی ہے تو 200کلوگرام فی ایکڑ یا 25کلوگرام فی کینال کی شرح سے جپسم ڈالنے سے بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔