بھارت، مودی کا 55ہزار افراد کے ہمراہ یوگا مشقیں

یوگ اتحاد اور باہمی رواداری کے ماحول کو فروغ دیتا ہے،بھارتی وزیر اعظم

جمعرات 21 جون 2018 16:00

ڈیرہ دون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی یوگا دن پر 55ہزار افراد کے ہمراہ یوگا کیا،یوگ اتحاد اور باہمی رواداری کے ماحول کو فروغ دیتا ہے، اترا کھنڈ کے پہاڑ جھرنے اور ہوا ئیں یوگا کیلئے متحرک کرتی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی یوگا دن کے موقع پروزیر اعظم نریندر مودی نے دہرہ دون کے فاریسٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تقریبا55ہزار افراد کے ہمراہ یوگاکیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات تمام ہندوستانی باشندوں کیلئے قابل فخر ہے کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں لوگ سورج کی پہلی کرن کا استقبال یوگا(ایکسرسائز)کے ذریعے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کئی عشروں سے یوگا کا مرکز رہا ہے ۔ یہاں کے پہاڑ ،جھرنے اور ہوا ئیں یوگا کیلئے متحرک کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے عوام کوعالمی یوگا دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمالیہ سے صحرا تک ،دہرہ دون سے لیکر ڈبلن تک اور جکارتہ سے لیکر جوہانسبرگ تک یوگ ہی یوگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے لوگ یوگاکے فوائد کے پیش نظر اسے اپنانے لگے ہیں اور پورا جہاں امن کا گہوارہ بنتا جارہا ہے۔ یوگ اتحاد اور باہمی رواداری کے ماحول کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگا کی منظوری سب سے پہلے امریکہ نے دی ۔