تنظیم غیر جریدہ کے صدر سردار جاوید عزیز کی تنظیمی عہدیداران کے ہمراہ سابق صدر حاجی یعقوب خان سے ملاقات

اپ گریڈیشن سمیت ملازمین کے جملہ مسائل پر تبادلہ خیال

جمعرات جون 16:10

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) تنظیم غیر جریدہ کے صدر سردار جاوید عزیز کی تنظیمی عہدیداران کے ہمراہ سابق صدر آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر حاجی یعقوب خان سے ملاقات ، اپ گریڈیشن سمیت ملازمین کے جملہ مسائل پر گفتگو ، صدرسابق صدر نے ملازمین کو اپ گریڈیشن کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اس موقع پر سابق صدر کے ہمراہ سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد ،سابق مشیر حکومت آبشار کفائت ، ندیم آزاد سمیت پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔

سابق صدر کو ملازمین کے وفد نے بتایا کہ تمام محکمہ جات میں ملازمت کی فراہمی میں ضلع پونچھ کو نظر انداز کیاجارہا ہے اور دوسرے اضلاع سے ملازمین بھرتی کر کے انہیں ضلع پونچھ میں ٹرانسفر کیاجارہا ہے جو یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملازمین کے وفد نے سیکرٹری یونین کونسلز کی اپ گریڈیشن نہ ہونے پر بھی اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ایک ماہ کے اندر جملہ محکمہ جات کے ملازمین جن میں سیکرٹری یونین کونسل بھی شامل ہیں کو اپ گریڈ نہ کیاگیا تو ملازمین تنظیموں کی مشاورت کے بعد حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جائے گی سابق صدر حاجی سردار محمد یعقوب خان نے ملازمین کے و فد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ان کی آواز کو حکومتی ایوانوں اور متعلقہ حکام تک پہنچایاجائے گا اس موقع پر بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافے کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دیتے ہوئے مستردکر دیاگیا اور مطالبہ کیاگیا کہ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے تاکہ ان کے چولہے بجھنے سے بچ سکیں ۔

وفد میں سردار جاوید عزیز خان کے علاوہ سردار شفقت محمود جنرل سیکرٹری ، انجم مشتاق، سجاد خان، اسحق زمان اور دیگر بھی موجود تھے ۔