آئی سی سی نے 4سالہ فیوچر ٹور پروگرام جاری کردیا

پاکستان آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سمیت دیگر ٹیموں کی میزبانی کریگا

جمعرات جون 16:37

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 4سالہ فیوچر ٹور پروگرام جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان آسٹریلیا،، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سمیت دیگر ٹیموں کی میزبانی کرے گا تاہم اس میں بھارتی ٹیم شامل نہیں۔پروگرام کے مطابق پاکستان اکتوبر 2019میں سری لنکا کی میزبانی کرے گا جس کے دوران 2ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے اور اسی سال نومبر میں قومی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان 3ٹی ٹوئنٹی اور 3ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

2020پاکستانی ٹیم کے لیے مصروف ترین سال ہوگا جس کے دوران پاکستان کئی ٹیموں کی نہ صرف میزبانی کرے گا بلکہ بیرونی دورے بھی شیڈول ہیں۔جنوری 2020 میں پاکستان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرے گا جس کے بعد فروری 2020 میں پاکستان 2ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرے گا۔

(جاری ہے)

جون 2020میں انگلینڈ 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کی میزبانی کرے گا جبکہ ٹیم اسی ماہ آئرلینڈ کے خلاف بھی 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

اکتوبر 2020 میں پاکستانی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورے گی جبکہ نومبر 2020 میں پاکستان زمبابوے کی میزبانی کرے گا جس کے دوران 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔دسمبر 2020 میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جس کے دوران 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔2021 بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مصروف ترین سال ثابت ہوگا جس کے دوران پاکستان جنوبی افریقہ،، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا اور اس سال ٹیم افغانستان،، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور زمبابوے کی مہمان بھی بنے گی۔

پاکستان فروری 2021 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا اور اپریل میں ٹیم زمبابوے کا دورہ کرے گی جس کے دوران 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔جولائی 2021 میں پاکستان ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے انگلینڈ جائے گی اور اگست میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران قومی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

ستمبر 2021 میں پاکستان ٹیم 3 ون ڈے میچز کے لیے افغانستان کی مہمان بنے گی اور دسمبر میں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔اکتوبر 2021 میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی جس کے دوران 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی اور دسمبر 2021 میں پاکستان ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

2022 میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز فروری میں آسٹریلیا کی میزبانی سے کرے گا جس کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہوگی جس کے بعد اگست میں پاکستان ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے سری لنکا جائے گی۔نومبر 2022 میں پاکستان 5 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا اور نومبر میں ہی نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز ہوگا جس کی میزبانی بھی پاکستان کے حصے میں آئی ہے۔