بھارت نے انٹرنیشنل اسنوکر ایونٹس کی میزبانی سے انکار کر دیا

ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس نے بھارت کی درخواست پر چھٹی ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ اور 7ویں 6ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ ملتوی کردی

جمعرات 21 جون 2018 16:37

ممبئی /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) بھارت نے دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود دو انٹرنیشنل اسنوکر ایونٹس کی میزبانی سے انکارکردیا۔ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس نے بھارت کی درخواست پر چھٹی ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ اور 7ویں 6ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ ملتوی کردی،دونوں ایشیائی اسنوکر مقابلے ہفتے سے چندی گڑھ میں شروع ہونا تھے، 29جون تک جاری رہنے ان ایونٹس کے التوا کا فیصلہ ٹیموں کی تعداد کم ہونے کی و جہ سے ہوا۔

پاکستان، ایران، افغانستان کی ٹیموں کو ویزے جاری نہیں ہو سکے، محض 9 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کی، اے سی بی ایس کے قواعد کے تحت کم ازکم کم 12 ٹیموں کی شرکت لازمی تھی۔دوسری جانب پاکستان اسنوکرایسوسی ایشن کے صدر منور حسین شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پاکستان اسنوکر ٹیم کو وزارت خارجہ نے دونوں ایونٹس میں شرکت کے لیے این او سی دینے سے معذرت کرلی، این او سی کے عدم اجرا کے سبب ویزوں کے لیے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن سے بروقت رجوع نہیں کیا جاسکا۔

(جاری ہے)

منور شیخ نے کہا کہ این او سی کے اجراکے لیے وزارت خارجہ سے دوبارہ تحریری درخواست کی ہے، دونوں ایونٹس کے لیے نئی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد بھارتی ویزوں کے لیے کوشش کی جائے گی۔انھوں نے مزیدکہا کہ مذکورہ دونوں ایشین ایونٹس میں شرکت کے لیے پاکستان کی جانب سے بھرپور تیاری کی گئی تھی،ان مقابلوں میں پاکستان کی 5 رکنی ٹیم نے شرکت کرنا تھی، ان میں چار کیوئسٹ سابق عالمی چیمپئن اورقومی نمبر 1 محمد آصف، قومی نمبر 3 بابر مسیح، قومی نمبر 4 محمد بلال اور قومی نمبر 10 اسجد اقبال بھی شامل تھے جبکہ شبیر احمد نے منیجرکی ذمہ داری ادا کرنا تھی۔