ْ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،ْسردار مسعود خان

صدرکا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ جاری ظلم و جبر کی نئی لہر پر شدید تشویش کا اظہار ، اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری سے موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 21 جون 2018 17:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کا ریلیف مل سکے اور وہ جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں ۔ اِن خیالات کا اظہار صدر نے ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز (جمعرات )کوصدر آزادجموں و کشمیر سے صدارتی بلاک کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے جہاں آزادکشمیر کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی وہاں سیر و سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور آزادکشمیر سیاحوں کے لئے پرکشش سیاحتی مقام بن جائے گا ۔صدر نے کہا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کو بھی ترجیح بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ جاری ظلم و جبر کی نئی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھارتی مظالم کی سخت مذمت کی اور اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری سے موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔