صدر آزاد کشمیرکی وفاقی وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات ، نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد

جمعرات 21 جون 2018 17:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر شمشاد اختر سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔صدر نے وزیر خزانہ و منصوبہ بندی سے آزادجموں و کشمیر یو نیورسٹی کے مظفرآباد اور نیلم کیمپس کے انفراسڑکچر کی تعمیر کے حوالے سے بھی بات چیت کی ۔

نگران وزیر نے صدر موصوف کو آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے انفراسڑکچر کی تعمیر کے سلسلے میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے آزادکشمیر کا تعمیراتی بجٹ دگنے سے بھی زائد ہو گیا ہے اور اسے پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ ریاست کی معاشی ترقی اور لوگوں کی ویلفیئر و خوشحالی کے لئے استعمال کیا جا ئیگا۔

(جاری ہے)

صدر نے وفاقی وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ آزادکشمیر حکومت کو درپیش مالی وسائل کی کمی کے حوالے سے بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ چند ضروری مالی ادائیگیوں کے سلسلے میں حکومت آزادکشمیر کو وفاق کی معاونت درکار ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ نگران حکومت پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ معاشی ترقی و شرح نمو کو صحیح اور درست سمت پر ڈالنے کی پوری کوشش کریں گی۔