مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ سے عالمی دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں،وفاقی وزیر مسز روشن خورشید بروچا

جمعرات جون 17:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی رپورٹ سے عالمی دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو دنیا کے تمام فورمز پر بااحسن اندازسے سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ایل او سی کے دونوں اطراف میں رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور پاکستان اس وقت تک نہتے کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا جب تک ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خود ارادیت نہیںمل جاتا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ایل او سی کے اس پار رہنے والے آزاد کشمیر کے رہائشیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی اشتعال انگیزی کا حوصلے اور عزم سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ظالمانہ اور بزدلانہ کارروائیوں سے نہ تو پچھلے 70 سال سے کشمیریوں کو ڈرا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ وہ ایسا کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی پرامن تحریک دن بدن زور پکڑ رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو بھارتی ناجائز تسلط سے نجات ملے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں اور سماجی شعبہ میں کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ ان منصوبوں سے متعلق فنڈز کے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے جن کی تکمیل سے آزاد کشمیر خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔ انہوں نے اس موقع پر وزارت امور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر وفاقی وزیر کو مبارکباد پیش کی اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی سے متعلق وفاقی حکومت کے مسلسل تعاون پر وفاقی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔