ٹیکس ایمنسٹی سکیم کاروباری برادری کیلئے ، اپنے اثاثے ظاہر کرکے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، اب ملک کے اندر و بیرون ملک خفیہ اثاثے رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے،چیئرمین (ایف بی آر طارق محمود پاشا

جمعرات 21 جون 2018 17:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین طارق محمود پاشا نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کاروباری برادری کیلئے ہے جو اپنے اثاثے ظاہر کرکے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں کیونکہ اب ملک کے اندر و بیرون ملک خفیہ اثاثے رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، تاجروں نے اپنا پیسہ خوشی سے باہر نہیں بھیجا بلکہ مجبوراً بھیجا جس میں امن و امان کی صورتحال، دیگر حالات کی خرابی، سسٹم کی کمزوری اور ایف بی آر کی کوتاہی شامل ہے، پیسہ وہیں جاتا ہے جہاں اسے تحفظ ملتا ہے، اس لئے سرمایہ باہر بھیج کر کاروباری برادری نے کوئی قصور نہیں کیا۔

جمعرات کو ایف پی سی سی آئی سے جاری بیان کے مطابق ایف بی آر کے چیئرمین طارق محمود پاشا نے یہ بات ایف پی سی سی آئی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی چیمبر کے صدر غضنفر بلور، یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اور دیگر تاجر بھی موجود تھے۔ ایف بی آر کے چیئرمین نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا رسپانس بہت اچھا ہے مگر اس وقت اعداد و شمار ظاہر نہیں کئے جا سکتے ہیں۔

تین ماہ میں ایف بی آر کو 102 ممالک میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کے اکائونٹس تک رسائی حاصل ہو جائے گی اور ان میں سے جن لوگوں نے اپنے غیر اعلانیہ اثاثے ظاہر نہیں کئے ان کیلئے غیر ممالک میں خفیہ اثاثے رکھنا مشکل اور بہت مہنگا ہو جائے گا۔اس سکیم سے ملک کا ریونیو بہتر ، خسارہ کم جبکہ دائیگیوں کا توازن اورزرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو جائیں گے۔

یہ سکیم ملکی و غیر ملکی پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع ہے کیونکہ اس کے بعد کسی دوسری ایسی سکیم کا آنا اور موجودہ سکیم کی تاریخ میں توسیع مشکل ہے۔ دبئی نے بھی رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے تفصیلات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں جبکہ ملک بھر میں پراپرٹی کی مارکیٹ کا سروے بھی جلد مکمل کیا جا رہا ہے ۔محاصل کی صورتحال بہتر ہوتے ہی فائیلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور نان فائیلرز پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہا ہے اور کسی کو بھی ہراساں نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر وفاقی چیمبر کے صدر غضنفر بلور، افتخار علی ملک اور دیگر تاجر رہنمائوں نے کہا کہ رمضان، عید، الیکشن اور ابہام کی وجہ سے تاجر اس سکیم میں بھرپور شرکت نہیں کر سکے ہیں اس لئے اس کی معیاد میں توسیع کی جائے۔ یہ سکیم ایف پی سی سی آئی کے مطالبہ پر متعارف کروائی گئی ہے اور اسکی کامیابی ملک کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ایف پی سی سی آئی کی بہت سی سفارشات مانی گئی ہیں جبکہ امید ہے کہ محاصل کی صورتحال بہتر ہونے پر اگلے سال باقی ماندہ سفارشات کو بھی مان لیا جائے گا۔