الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرنے والے امیدواروںکے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا

جمعرات 21 جون 2018 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرنے والے امیدواروںکے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے مختلف حلقوں میں مقررہ سائز سے زائد، پوسٹرز، بینرز اور ہورڈنگز وغیرہ ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2018ء کے ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی امیدواروں کی انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جن کی رپورٹس پر مقررہ سائز سے زائد ہورڈنگز، پوسٹرز اور بینرز ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں واضح ہدایت جاری کی ہیں کہ کسی بھی پبلسٹی میٹریل میں ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں انتخابی مہم کیلئے پوسٹزر، بینرز کے سائز مقرر کر دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ بینرز پر غیر متعلقہ شخصیات کی تصاویر لگانا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے جبکہ تمام اقسام کے پینا فلیکس اور ہورڈنگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہے۔