Live Updates

عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہے،پی ٹی آئی انتخابات میں فتح کیلئے پرعزم ہیں،حاجی سیف اللہ کاکڑ

جمعرات 21 جون 2018 18:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما و قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264سے امیدوار حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے کردار سے ثابت کریگی کہ پارٹی تبدیلی کی جماعت ہے ہماری سیاست کا مقصد دراصل عوامی خدمت ہے اور ہم سیاست عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں بدقسمتی سے ماضی میں یہاں سے منتخب ہونے والے نمائندوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے،عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں دو نہیں ایک پاکستان کیلئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیا ب بنائیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو چشمہ اچوزئی ، پنجپائی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے فرید خان کاکڑ،داود خان اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکشن 2018 میں جیت عمران خان کے نامزدکردہ امیدواروں کی ہوگی عوام دوستی حب الوطنی اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی اہلیت صرف پی ٹی آئی میں ہے، عوام کو (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اورقوم پرستوں نے مایوس کیا مگر پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح عوامی امنگوں پر پورا ترے گی اور عوام سے کئے گئے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور پی ٹی آئی کی انتخابات میں فتح کیلئے پرعزم ہیں ، ہماری جماعت بھرپور ووٹوں سے کامیاب ہوگی ہم کرپٹ عناصر کا راستہ روکنے اور خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں اور عوام سے ہمارا وعدہ ہے کہ جیت کرطرح گھروں میں نہیں بیٹھیںگے بلکہ عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دو نہیں بلکہ ایک پاکستان کیلئے کام کر رہی ہے جس میں تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر تعلیم ،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ پی ٹی آئی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات