ایم ایم اے کی سیاست کا مقصد نظام مصطفی اور خوشحال پاکستان ہے ،سینیٹرمشتاق احمدخان

جمعرات جون 18:50

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخواکے نائب امیرو سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی سیاست پیسوں کیلئے ہے نہ کسی دُنیاوی مفاد کیلئے ہے بلکہ سیاست کا مقصد نظام مصطفی اور خوشحال پاکستان کیلئے ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل حلقہ پی کے 44 کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، کنونشن سے جے یو آئی ف کے ضلعی امیر و این ای19 سے ایم ایم اے کے اُمیدوار مولانا عطاء الحق درویش، این اے 18کے اُمیدوار مولانا فضل علی حقانی ،پی کے 44 کے اُمیدوار عثمان شیر ، جماعت اسلامی کے امیر محمود الحسن اور نائب امیر سعید زادہ نے بھی خطاب کیا ،سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ایم ایم اے اقتدار میں آنے کے بعداس ملک میں نظام عدل کے قیام کے علاوہ قوم کو مفت تعلیم ، روزگار ،صحت ،امن اور سکون دے گی اور آزاد خارجہ پالیسی کی بدولت قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی با عزت واپسی اور قوم کے مجرم کو قرار واقعی سزادی جائے اور دیگر ممالک سے برابری کے بنیا د پر اچھے تعلقات استوار کرے گی۔