پشاورمیں رواں سال کے دوران شہر کو تباہی سے بچاتے ہوئے تخریب کاری کے کئی منصوبے ناکام

جمعرات 21 جون 2018 18:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) پشاورپولیس نے رواں سال کے دوران شہر کو تباہی سے بچاتے ہوئے تخریب کاری کے کئی منصوبے ناکام بنا کربھاری مقدار میںبارودی مواد،خودکش جیکٹس،دستی بم اورراکٹ لانچر گولے برآمد کئے ۔جبکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطرمختلف کارروائیوں کے دوران قتل، ا قدام قتل،اغوائیگی،ڈکیتی،راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 1185 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کی نگرانی میں پشاور پولیس نے رواں سال کے دوران شہر کو تخریب کاری سے بچاتے ہوئے کامیاب کارروائیوں کے دوران 61 کلو گرام بارودی مواد، 19عدد ہینڈ گرنیڈز، ایک خودکش جیکٹ،4 عدد راکٹ لانچر،15 عدد راکٹ گولے،105 عدد ڈیٹو نیٹرز، 24 عددپرائماکارڈز، 3 عدد مائنز اور6 عدد فیوز بوسٹرز برآمد کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچا کرتخریبی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کوگرفتار کرکے جیل کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح سال رواں کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھتے ہوئے قتل ، اقدام قتل،اغوائیگی،ڈکیتی،راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 1185 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر577 عدد کلاشنکوف،2526 عدد پستول،299 عددشاٹ گن ،245 عدد رائفل،24 عدد کالا کوف اور3,68,775 عدد مختلف بور کے کارتوس برآمد کرکے ملزمان کو قانونی کارروائی کے بعدجیل منتقل کر دیا ۔

ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال نے ر واں سال کے دوران پشاور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام ڈویژنل ایس پیز کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید کارروائیاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سماج دشمن عناصر شہر کے امن کے درپے ہیں اور ہمہ وقت کارروائیوں کے ذریعے ہی ان کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔