پیپلزپارٹی کے 10سالہ دور نے سندھ کو کھنڈر بنادیا ہے،شاہ محمد شاہ

شہباز شریف کراچی سے الیکشن جیت کر کراچی سے منتخب ہونے والے پہلے وزیراعظم ہوں گے،سلمان خان کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 21 جون 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے 10سالہ دور نے سندھ کو کھنڈر بنادیا ہے ۔روشنیوں کے شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والوں کا عوام آئندہ عام انتخابات میںاپنے ووٹ کے ذریعہ احتساب کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) ضلع غربی سے ترقی کا سفر شروع کرکے اسے پورے کراچی تک پھیلائے گی ۔

گرین لائن بس منصوبے کی طرح لاہور کی طرز پر اورنج لائن ٹرین بھی کراچی میں چلے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کوکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع مسلم لیگ (ن)سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیا ، حلقہ این اے 248سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد سلمان خان ،چیئرمین یونین کونسل شیر شاہ رانا محمد وارث ،یوسی چیئرمین نیول کالونی سعید اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف حلقہ این اے 249سے انتخابات میں حصہ لیں گے ۔کراچی کے باشعور عوام دور حاضر میں ترقی کے استعارے میاں شہباز شریف کو ووٹ دے کر انہیں کامیابی دلائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ ہم میاں شہباز شریف کا وژن لے کر سندھ میں کام کررہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سندھ کے عوام ہمارا بھرپور ساتھ دیں گے ۔

کراچی میں اسپتال،تعلیمی اداروں کا قیام اور پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے آسان اقساط پر قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپناروزگار کماسکیں ۔اس موقع پر این اے 248سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار محمد سلمان خان نے کہا کہ میرا حلقہ انتخاب کراچی کا پسماندہ ترین علاقہ ہے جہاں نہ پینے کا پانی دستیا ب ہے اور نہ ہی سیوریج کا کوئی نظام ہے ۔

مسلم لیگ (ن) اس حلقے سے کامیاب ہو کر لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے صرف دو سال کی مختصر مدت میں 22کلومیٹر طویل گرین لائن منصوبہ مزار قائد اعظم تک مکمل کریا ہے اور اب سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس منصوبے کے لیے بسوں کا انتظام کرے ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے کراچی کے حلقہ 249جیسے پسماندہ ترین حلقے سے قومی اسمبلی کے لیے انتخابات میں حصہ لینا ہمارے عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم کراچی کو لاہور کی طرح ترقی یافتہ شہر بنانا چاہتے ہیں اور میاں شہباز شریف کراچی سے الیکشن جیت کر کراچی سے منتخب ہونے والے پہلے وزیراعظم ہوں گے ۔

انہوںنے حلقہ این اے 249کے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ شہباز شریف کو منتخب کرکے کراچی سے وزیراعظم بنانے کا عزم کریں ۔