میونسپل کمشنر سکھر پیر واحد بخش کا ماکاڈرینج، میانی ڈرینج اور پولیس ہیڈکوارٹر ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ

جمعرات 21 جون 2018 18:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لینے کی ہدایت پر میونسپل کمشنر سکھر پیر واحد بخش نے ماکاڈرینج، میانی ڈرینج اور پولیس ہیڈکوارٹر ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا ، اس موقع پر آفس سپرنٹنڈنٹ اسلام الدین شیخ ، انجینئر ظہور احمد دھاریجو اور انچارج ڈرینجز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے ڈرینج کے اسٹاف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو اولین ترجیح دی جائے، سیوریج نالوں کی صفائی کے کاموں میں حائل رکاوٹوں / تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے ، نالیوں اور گٹروں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے اور فضلے کو بھی فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے تاکہ سڑکوں اور گلیوں میں گندگی نہ پھیلے ، پمنگ اسٹیشن کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ شہر کے کسی بھی علاقے سے اوور فلو کی شکایت موصول نہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوور فلو سے پانی سڑک پر جمع ہوتا ہے جس سے نہ صرف شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سڑک پر جمع ہونے والا پانی بیماریاں پھیلانے کا بھی باعث بنتا ہے ، اس لئے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے جبکہ اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ، ڈیوٹی چور عملے کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور میونسپل کمشنر پیر واحد بخش نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور صحت مند ماحول کی فراہمی میں بلدیہ سکھر سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :