پسنی بنگلہ بازار کے بجلی کے ستائے ہوئے عوام سڑکوں پر نکل آئے، خواتین نے ٹائر جلاکر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے پسنی مین روڈ کو بلاک کردیا

جمعرات 21 جون 2018 18:50

پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پسنی بنگلہ بازار کے بجلی کے ستائے ہوئے عوام سڑکوں پر نکل آئے،علاقہ کے خواتین نے ٹائر جلاکر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے پسنی مین روڈ کو بلاک کردیا۔ ہڑتال کی وجہ سے چار گھنٹے تک ٹریفک بند رہا۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کا ٹرانسفارمر جلنے کی وجہ سے بجلی نہیں ہے اور کیسکوحکام اب تک ٹرانسفارمر کو مرمت نہیں کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج پسنی بنگلہ بازار کے درجنوں خواتین اور بچے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

احتجاجی خواتین نے پسنی مین روڈ پر ٹائر جلاکر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کو چار گھنٹے تک بلاک کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر رمضان کے مہینے میں خراب ہواتھا۔ اور کئی عرصہ گزرنے کے باوجود کیسکو حکام ٹرانسفارمر کو درست نہیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمیوں میں بجلی نہ ہونے سے ہمیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اور کیسکو حکام بجلی کے مسئلہ کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ دوسری جانب پسنی میں بجلی کی بحران بدستور جاری ہے۔ علاقے میں بجلی کی طویل بریک ڈاؤن سے شہری شدید گرمی میں پریشانی کے شکار ہیں۔