Live Updates

کلثوم نوازکی خبروں کوریٹنگ کیلئےاستعمال کرناافسوسنک ہے

عمران خان کا2013ء کا چورن2018ء میں نہیں بکےگا،خیالی وزیراعظم آج اپنے ہی کارکنوں سے منہ چھپائے رہا ہے،ترجمان مسلم لیگ ن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 جون 2018 19:05

کلثوم نوازکی خبروں کوریٹنگ کیلئےاستعمال کرناافسوسنک ہے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان اور سابق وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست شریف سے شروع ہو کر شریف پر ختم ہوتی ہے، لیکن شرافت سے ان کا دور کا بھی واسطہ نہیں،2018ء کے الیکشن میں 2103ء کا چورن نہیں بکے گا، عمران کے کارکن عمران کو مسترد کرچکے ہیں اور دوسری جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں ۔

جو چند سپورٹرز رہ گئے ہیں وہ بھی چھوڑ جائیں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کو انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان سلاخوں کے پیچھے سے کرنا پڑا ہے ۔ خود کو خیالی وزیراعظم سمجھنے والا لیڈر اپنے ہی کارکنوں سے منہ چھپارہاہے۔ لوٹوں کو ٹکٹوں سے نوازا کیا اسی لیے آج کارکن اپنے ہی لیڈر کو لاٹھیاں اٹھا کر ڈھونڈ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ترجمان نے رونا دھونا شرو ع کررکھا ہے فلاں کو ہٹاؤ، فلاں کو ہٹاؤ۔

میں پوچھتی ہوں آپ نے 5سال سازشیں کرنے اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کیا ہی کیا ہے۔ پنجاب اور سندھ میں تبادلوں کا رونا رو رہے ہیں ، بس چلے تو پنجاب کے تمام منصوبوں کا بھی اپنے صوبے میں تبادلہ کرلیں۔ کے پی کے میں کسی کے تبادلے کی بات نہیں کی جاتی وہاں بس چلتا تو پرویز خٹک کو ہی وزیر اعلیٰ رکھا جاتا۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ 180ایچ ماڈل ٹاؤن پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی جانب سے بیگم کلثوم کے لیے دعاؤں پر شکرگزارہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے ڈٹ کر مشرف کا مقابلہ کیا اوران کی ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کے لیے جدو جہد کو سارا پاکستان سراہتا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے شانہ بشانہ آمریت کے خلاف جو جمہوری جدوجہد کی اس پر پوری قوم ان کی احسان مند ہے اور ان کی صحت کے لیے دعا گو ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے کی طرح سیاست کا بھی ایک معیار ہوتا ۔

سیاست کو 70ء کی دہائی میں لے کر جانا اور کسی کی ماں ، بیوی یا بیٹی کی بیماری کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔ اعتزاز احسن کی طرف سے بیگم کلثوم نواز کے بارے میں بیان سے دِل دُکھا ۔ ان جیسے سیاسی قد کاٹھ کے شخص کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں ۔مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بھی کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی خبروں کو ریٹنگ کے لیے استعمال کرنا قابل افسوس ہے ، ایسے انسانی جذبوں کو ریٹنگ کے لیے استعمال کیے جانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے نیب میں 100 پیشیاں بھگتیں ۔ ہماری تمام ریفرنسز یکجا کر نے کی درخواست نہیں مانی گئی ۔اب عدالت اپنے ہی احکامات کی نفی کر ے گی تو کیا ہوگا؟ نیب ریفرنسز ، جے آئی ٹی کی تحقیقات اور باہر سے کاغذات منگواکر بھی نواز شریف پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ۔ نیب میں طلبی صرف ن لیگ کے لوگوں کی ہو رہی ہے۔

انتخابات سے قبل نیب کا اس طرح متحرک ہو جانا پری پول دھاندلی ہے ۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ باتیں کی جاتی ہیں نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈال دو اور لاڈلے کے لاڈلے کا نکال دو۔کیا ای سی ایل میں صرف نواز شریف ، مریم نواز، حسن اور حسین چار کے لئے ہی خانے بنے ہوئے ہیں؟ جنہوں نے ہر ٹرائل کا سامنا کیا ، پیشیاں بھگتیں ، ان کا نام ہی ای سی ایل میں کیوں ڈالا جائے؟ انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹی سے نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ۔

کرپشن کے ثبوت ہوتے تو منتخب وزیر اعظم کو اقامہ پر کیوں نکالا جاتا۔ عوام جسے مینڈیٹ دے اسے مدت کرنے دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جلد انتخابی منشور کا علان کرے گی اور میں چیلنج کرتی ہوں کہ کوئی جماعت ایسا منشور پیش نہیں کر سکی ۔ ہمارے پاس عوام کو بتانے کے لیے پانچ سال کی خدمت اور سینکڑوں منصوبے ہیں ۔دوسری کسی جماعت کے پاس پانچ سال کی کوئی کارکردگی نہیں ۔

مسلم لیگ ن نواز شریف کے نعرے ”کے ووٹ کو عزت دو “ اور شہباز شریف کے ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ الیکشن میں حصے لے گی اور 25 جولائی کو الیکشن جیتے گی ۔ 25 جولائی کو تمام جھوٹوں سے مقابلہ ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فنکار کسی بھی ملک کا چہرہ ہوتے ہیں، ہمارے ملک کے فنکاروں نے مارشل لاء ادوار میں بھی مشکلات سہہ کر ہماری ثقافت کو زندہ رکھا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ خواتین کی تضحیک کرنے کی ایک روایت چل نکلی ہے۔ میں ایک ماں ، بہن اور بیٹی ہونے کے ناطے یہ کہہ رہی ہوں کہ عورت اور سیاست کو الگ رکھیں، کسی خاتون کی تضحیک نہ کریں ۔ ایسا میری اپنی جماعت کے اندر ہو گا تو اس کے خلاف بھی آواز اٹھاؤں گی۔ جس طرح کے القابات خواتین کو دیے جاتے ہیں اور ٹاک شوز میں بھی جس طرح تضحیک کی جاتی ہے خدارا اس روایت کو ختم کریں ۔ خواتین کو جس مقام پر اسلام نے رکھا ہے آپ بھی وہی مقام دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات