پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو رعایت سے استفادہ کی ہدایت

چکلالہ و راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے 30جون سے قبل واجبات کی ادائیگی پر 10فی صد کی چھوٹ دے رکھی ہے

جمعرات 21 جون 2018 19:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے پراپرٹی ٹیکس نادھندگان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکسز بروقت ادا کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ریونیو سپرینٹنڈنٹ نور مصطفیٰ نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ چکلالہ کینٹ نے پراپرٹی ٹیکس کا 95فی صد ریکوری ہدف حاصل کر لیا ہے جبکہ مقررہ ہدف کے حصول کے لیے جائیدادیں سربمہر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ 30جون سے قبل واجبات کی ادائیگی پر 10فی صد کی خصوصی رعائت دی گئی ہے کینٹ کے رہائشیوں کو اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی کرنی چاہیے ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق راولپنڈی و چکلالہ کینٹ اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے پراپرٹی ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے ڈائریکٹر مسعود بشیر وڑائچ نے بتایاکہ 30جون سے قبل مقررہ ہدف کے حصول کے لیے پراپرٹی اور لگژری ھائوس ٹیکس نادھندگان کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے جس کے دوران نادہندگان کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے ۔

انہوں نے ٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر نادہندگان کی جائیداد قرقی و نیلامی ،مالکان کے وارنٹ گرفتاری ،سر چارج میں اضافہ ،بھاری جرمانوں اور جائیداد کی تالا بندی جیسی سزائوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 90فی صد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ 30جون سے قبل واجبات کی ادائیگی پر 10فی صد کی خصوصی رعائت بھی دی گئی ہے ۔