پاکستان بارکونسل کا خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کاخیرمقدم

جمعرات 21 جون 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) پاکستان بارکونسل نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے قبائلی عوام کادیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے، حکومت کوچاہئی کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی عوام کوبلا تاخیر قومی وصوبائی اسبملی کے الیکشن میں حصہ لینے کاموقع فراہم کیا جائے ، جمعرات کوپاکستان بارکونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیرمین شبیرشاہ ، پی بی سی کے سابق وائس چیرمین احسن بھون اورسابق چیرمین ایگزیکٹو کمیٹی حفیظ الرحمن نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ا ٓئینی ترامیم کے ذریعے صوبہ خیبرپختونخوا میں فاٹا کے انضمام سے قبائلی عوام کاایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ اس فیصلے کے بعد فاٹا کے عوام کوقومی وصوبائی اسمبلی میں شرکت کاموقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے نمائندوں کاانتخاب کرسکیں ، انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اگر فاٹا میں الیکشن کرانے میں تاخیر کی گئی تواس سے عوام میں مایوسی پھیلے گی ،پاکستان بارکونسل کے رہنمائوں نے نگران حکومت اورالیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فاٹا میں آزادانہ ،منصفانہ اورشفاف انتخابا ت کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔