جناح ہسپتال کی 4لفٹیں فعال ، مریضوں اور ان کے لواحقین کی مشکلات ختم

جمعرات 21 جون 2018 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید نے کہا ہے کہ اس وقت جناح ہسپتال کی 4لفٹیں مکمل طورپر کام کر رہی ہیں اور مریضوںا ور ان کے لواحقین کی ضروریات کو پورا کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ہسپتال میں کل 8لفٹ نصب ہیں جن میں سے 7لفٹ عرصہ دراز سے خراب چلی آ رہی تھیں اور صرف ایک لفٹ کام کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایاکہ موجودہ انتظامیہ نے دن رات کی محنت کے بعد 3مزید لفٹ ٹھیک کروا لی ہیں جس کے اخراجات مخیر حضرات نے برداشت کئے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزیدکہاکہ 2لفٹ کی مرمت کا عمل شروع ہوچکاہے جس پر19لاکھ روپے کی لاگت آئے گی اور 2ہفتے میں قابل استعمال ہوجائیں گی۔ اس طرح 6لفٹیں مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے قابل استعمال ہوجائیں گی اور ہسپتال آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ایم ایس کا مزیدکہنا تھا کہ 2لفٹ قابل مرمت نہیںہیں اور ان کی جگہ نئی لفٹ نصب کی جائیں گی جس کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔