عید الفطر کے بعد چکوال میں الیکشن مہم میں کافی تیزی آ گئی

ن لیگ کے راہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے ضلع بھر میں اپنے الیکشن آفس قائم کر دیے

جمعرات 21 جون 2018 19:40

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) عید الفطر کے بعد چکوال میں الیکشن مہم میں کافی تیزی آ گئی ہے۔ن لیگ کے راہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے ضلع بھر میں اپنے الیکشن آفس قائم کر دیے ہیں۔کیونکہ انہوں نے حلقہ این اے 64،پی پی 21اور پی پی 23میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرا رکھے ہیں۔تا حال مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ نے چکوال کے کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیے۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے ان تینوں حلقوں میں اپنی انتخابی مہم کا باقائدہ آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے غیر فطری حلقہ بندیاں کر کے ان کا بڑا ووٹ بینک حلقہ این اے 64میں ضم کر دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو حلقہ بندیوں کے تھوڑ پھوڑ کے بعد تمام ترنئی سیاسی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اور انہیں امید ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت ضلع چکوال کی زمینی سیاسی حقائق کو باریک بینی سے دیکھتے ہوئے ٹکٹوں کا فیصلہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت پر ضلع بھر میں مخالفین کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔اور ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اللہ کا نام لیکر انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے میرے ہزاروں ووٹر،سپورٹر ،منتخب بلدیاتی نمائندے ،عمائدین علاقہ چٹان کی طرح مضبوط میرے ساتھ کھڑے ہیں۔اور میں انشائ اللہ انہیں تنہا نہیں چھوڑوں گا۔