اسلام گڑھ:محکمہ برقیات کا نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ

اسلام گڑھ، مواہ رڑاہ، کلیال، پیر گلی کراس، بنگڑیلہ، کاکڑہ ، پوٹھہ میں متعدد کنکشن کاٹ دیے گئے

جمعرات 21 جون 2018 20:00

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) محکمہ برقیات اسلام گڑھ کا نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ۔ اسلام گڑھ، مواہ رڑاہ، کلیال، پیر گلی کراس، بنگڑیلہ، کاکڑہ ، پوٹھہ میں متعدد کنکشن کاٹ دیے گئے۔ نادہندگان کو بقایاجات جمع کروانے کے لیے حتمی وارننگ، بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایکسئین برقیات محمد نذیر مغل کی ہدایت پر عملدآمد کرتے ہوئے ایس ڈی او برقیات راجہ یاسر ربانی نے نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے اور اس حوالے سے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اسلام گڑھ اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں متعدد کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نادہندگان کو حتمی وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے بقایاجات جمع کروائیں بصورت دیگر ان کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی عمل میں لائی جائے گی۔