مئی2018ء تک100.302ارب روپے کی وصولیوں کا سفر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ایک بڑی کامیابی ہے ‘ضیا ء حیدر رضوی

ایسے اُصول وضع کر کے جائیں جو آئندہ اداروں میں اصلاحات کا سبب بنیں ، ملازمین کی مستقلی ایک اہم مسئلہ ہے اس کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کروں گا‘ نگران صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 21 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) جولائی 2012ء میں33.9ارب روپے سے مئی2018ء تک100.302ارب روپے کی وصولیوں کا سفر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔ ٹیکس ڈے کے انعقاد سے لے کر جونیئر و سینیئر انٹرن شپ پروگرامز، ایپیلنٹ ٹربیونل کا قیام ، ای کورٹس ، ٹیکس کلینک ،رمز، امانت سکیم اور ٹیکس ریٹ کی بجائے ٹیکس نیٹ کے پھیلائو جیسے اقدامات نہ صرف ادارے کی نیک نامی کا سبب بن رہے ہیںبلکہ عوامی سطح پر ٹیکس کی اہمیت سے آگاہی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس سے ایک نیا کلچر پروان چڑھ رہا ہے ۔

2013ء میں عبوری حکومت کے دوران پی آر اے کے ضلعی دفاتر کی تجویز پیش کی تھی اس بار بھی کوشش ہے کہ ایسے اُصول وضع کر کے جائیں جو آئندہ اداروں میں اصلاحات کا سبب بنیں ۔

(جاری ہے)

ملازمین کی مستقلی ایک اہم مسئلہ ہے اس کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کروں گا۔ان خیالات کا اظہارنگران وزیر خزانہ پنجاب ضیاء حیدر رضوی نے پی آر اے کے مرکزی دفتر میں جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس کے دیگر شرکاء میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی ، ممبر آپریشنز جاوید احمد ، کمشنر ہیڈ کوارٹر عبدالجواد، کمشنر انفورسمنٹ شہزاد محمود گوندل، لیگل ممبر کامران احمد، ممبر پالیسی زین العابدین ساہی، ایڈیشنل کمیشنر امان انور قدوائی شامل تھے۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ادارے کی پچھلی چھ سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اب تک 5ڈویژنل ہیڈ کوراٹرز لاہور،گجرانوالہ،فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان میں قائم کر چکی ہے جلد ہی سرگودھا،ساہیوال ، رحیم یار خان اور بہاولپور میں ضلعی دفاتر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے اس کے علاوہ مری میں بھی آفس کا آغاز کیا جا رہا ہے تا کہ ٹیکس نیٹ میں پھیلائو کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے ۔

اجلاس میں پی آر اے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین متنازعے معاملات اور مستقبل میں مزیداصلاحات کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات بھی زیر بحث لائے گئے ۔ضیاء حیدر رضوی نے پی آر اے کے ساتھ رجسٹرڈ افراد اور شہروں کے مابین خام مال کی ترسیل کے لیے خدمات پیش کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے ٹیکس وصولیوں کے مسئلہ کو فوری حل طلب قرار دیتے ہوئے مذاکرات کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے کی تاکید کی اور"بلیو سکائی تھینکنگ"اور تقسیم سے قبل ریٹرن پُر کرنے کی تجاویز کو سراہا ۔

اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تمام ڈویژنل افسران اور ممبر اپیل علی منصور نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور صوبائی وزیر کو اپنی انفرادی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ڈویژنل آفیسرز سمیت پی آر اے کی پوری ٹیم کو سراہتے ہوئے راحیل احمد صدیقی کی شکل میں بہترین قیادت پر مبارکباد پیش کی اور چیئرمین پی آر اے کو نگران حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔