نگران حکوت کی بنیادی ذمہ داری منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار انہ انتخابات کا انعقادہے‘نعمان کبیر

لائیو سٹاک کے شعبہ میں بڑا پوٹینشل موجود ہے اسے فروغ دے کر غربت اور بے روز گاری پر قابو پایا جا سکتا ہے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے دودھ کے نرخوں میں کمی لانے کیلئے بھی کام کررہے ہیں،جلد خوشخبری ملے گی‘صوبائی وزیر

جمعرات 21 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر محنت و لائیو سٹاک میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کا معیشت میں کلیدی کردا ر ہے ۔بزنس کمیونٹی کے جائز مسائل کے حل کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے ۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں صحت کی سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔نگران حکوت کی بنیادی ذمہ داری منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار انہ انتخابات کا انعقاد ہے تا ہم محدود آئینی مدت میں عام آدمی کوریلیف کی فراہمی کیلئے جو بن پڑا کریںگے۔

لائیو سٹاک کے شعبہ میں بڑا پوٹینشل موجود ہے اورلائیوسٹاک کے شعبہ کو فروغ دے کر غربت اور بے روز گاری جیسے مسائل پر قابو پا یا جا سکتا ہے ۔لائیو سٹاک کے فروغ کیلئے پنجاب کے روائتی کلچر کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا وقت کی ضرورت ہے ۔لائیو سٹاک، لیبر اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کے بورڈ ز میں بزنس کمیونٹی کی بھر پور نمائندگی ضروری ہے ۔

نگران صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت میں بزنس کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت حاضر ہوں اور میرے دفاتر کے درواوزے ہمیشہ ان کے لیے کھلے ہیں۔ صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا نگران حکومت کا بنیادی کام انتخابات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے اورنگران حکومت اپنی یہ قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی محدود آئینی مد ت میں ریلیف کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیںگے۔ اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بھی انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے دودھ کے نرخوں میں کمی لانے کیلئے بھی کام کررہے ہیں،جلد خوشخبری ملے گی ۔ انہوںنے کہا کہ سوشل سیکیورٹی سے متعلقہ زیر التواء کیسز کو جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اوران کیسوں کو روزانہ کی بنیاد پر سننے کیلئے آلٹر نیٹ ڈسپیوٹ ریزالوکمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

انتخابات بر وقت ہوںگے ،قوم سے کیا وعدہ پورہ ہو گا۔قبل ازیں ایوان صنعت و تجارت آمد پر صوبائی وزیر کا پر تپاک ،استقبال کیا گیا اور ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدارا ن اور بزنس کمیونٹی نے منصب سنبھالنے پرصوبائی وزیر کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر کو سویئنئر بھی دیا گیا۔صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور ملک طاہر جاوید ،نائب صد ر ذیشان خلیل اور ایوان کے سابق صدور کے علاوہ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔