پورے صوبے اورخصوصاً سیاحتی مقامات پرسرکاری نرخ ناموں پرعمل درآمد کویقینی بنایاجائے،انورالحق

جمعرات 21 جون 2018 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) خیبرپختونخواکے نگران وزیر برائے زراعت وخوراک انوارالحق نے فوڈ ڈائریکٹوریٹ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پورے صوبے اورخصوصاً سیاحتی مقامات پرسرکاری نرخ ناموں پرعمل درآمد کویقینی بنایاجائے اورسرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے ۔

یہ ہدایت انہوں نے فوڈ ڈائریکٹوریٹ کے دورے کے موقع پر جاری کی ۔نگران صوبائی وزیرنے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹل مالکان سیاحوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ہوٹل مالکان کی من مانیاںختم کرکے سرکاری نرخنامے پرعمل درآمد کویقینی بنایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گران فروشوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اورمحکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے کہ صوبے کے عوام کوسرکاری نرخنامے پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیادپر کارروائی کرکے سرکاری نرخنامے کے خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ سرکاری نرخنامے پرعمل درآمد کی نگرانی وہ خود کرویں گے اوراس سلسلے میںمحکمہ خوراک کے متعلقہ افسران کومسلسل رابطے میںرہنے کی ہدایت کی ۔نگران وزیر نے محکمہ خوراک کو یہ ہدایت بھی جاری کی کہ فاٹا انضمام کے بعد محکمہ خورا ک کی خدمات تمام قبائلی علاقوں تک پہنچانے کے لئے بھی پیشگی اقدامات کئے جائیں ۔

اس کے علاوہ نگران وزیر نے محکمہ زراعت کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے نگران وزیر کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔نگران وزیر نے ادارے کی کارکردگی پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے محکمے میں مزید بہتری لانے کے لئے مربوط کوششوںپرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ضروری قانون سازی سے بھی دریغ نہیں کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :