ارمڑ اورگھڑی فیض اللہ کے رہائشیوں کا احتجاج کا فیصلہ موخر

ڈپٹی کمشنرکی علاقہ معززین کے گندگی سے متعلق تحفظات دورکرنے کی یقین دانی

جمعرات 21 جون 2018 20:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر نے ارمڑ اور گھڑی فیض اللہ کے رہائشیو-ں کے تحفظات سننے کے بعد مذکورہ علاقوں کے سروے کی یقین دہانی کرادی ہے تاہم انکا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈپنگ سائٹ کا فیصلہ چونکہ سابق صوبائی حکومت کا ہے اس لئے اس حوالے سے وہ صرف نگران حکومت کو اپنے کمنٹس دے سکتے ہیں جو وہ علاقے کے دورہ کے بعد جاری کرینگے ، علاقہ مشران نے ڈی سی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کا فیصلہ مشروط طور پر کچھ دن کے لئے موخر کردیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ارمڑ ، گھڑی فیض اللہ کے رہائشیوں کے نمائندہ وفد کی ڈپٹی کمشنر پشاور سے ملاقات ہوئی جس میں علاقہ مشران نے ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے علاقے کے بیچ و بیچ کوڑا کرکٹ گرانے کی شکایت کی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

18 رکنی وفد کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنما کمال خان ، پی کے 70 سے آزاد امیدوار حاجی ٹکا خان ، زاہد خان اور حاجی ظاہر شاہ کررہے تھے ۔

وفد نے بتایا کہ انکے سرسبز و شاداب زرعی علاقے کو کچرہ کنڈی میں تبدیل کیا جارہا ہے جو وہ کبھی نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ جہاں انسان ہی انسان بستے ہیں اس میں کچرہ پھینکنا لوگوں کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے ۔ وفد نے بتایا کہ علاقے میں فیکٹریاں لگانے کا بھی کہا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے کیونکہ یہ رہائشی علاقہ ہے اور اس میں اس قسم کی تعمیرات کی اجازت قانوناً کسی کو نہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ علاقہ پہلے ہی سیکشن فور کے ہاتھوں دشمنیوں کی نذر ہوچکا ہے کیونکہ جائیداد کی خرید و فروخت نہیں ہوسکتی اور بھی کئی دیگر مسائل ہیں ایسے میں یہ اقدامات تمام پر امن مقامی افراد کو پر تشدد احتجاج کی طرف مجبور کرنے کی سازشیں ہیں اور اگر انکے مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو پھر وہ اپنا حق لینے کے لئے سڑکوں اور چوراہوں پر احتجاج کرینگے اور دھرنے دینگے جسکے بعد حالات کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔

حاجی ٹکا خان کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈمپنگ سائٹ کا فیصلہ چونکہ سابق صوبائی حکومت کا ہیل اس لئے اسے فی الوقت روکا نہیں جاسکتا تاہم وہ خود علاقے کا دورہ کرینگے اور وہاں کی صورتحال خود دیکھ کر نگران صوبائی حکومت کو اپنے کمنٹس میں ضرور وضاحت کرینگے ۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے یقین دہانیوں کی بعد وفد نے مشروط طور پر احتجاج کا فیصلہ موخر کیا ہے تاہم آئندہ لائے عمل جلد تحہ کیا جائیگا۔