حکومت نے بیرسٹرخالدجاویدخان کو نیا اٹارنی جنرل مقررکردیا

جمعرات جون 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) حکومت نے بیرسٹرخالدجاویدخان کو نیا اٹارنی جنرل مقررکردیا ہے۔ یادرہے کہ گزشتہ روز اٹارنی جنرل اشتراوصاف علی نے اپنے عہدے سے استعفٰی دیدیا تھا قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے اشتراوصاف علی کااستعفٰی منظور کرتے ہوئے ان کی جگہ خالد جاوید کو اٹارنی جنرل مقرر کر نے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نئے اٹارنی جنرل خالد جاوید کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ نئے اٹارنی جنرل ممکنہ طور پرآج جمعہ کوسپریم کورٹ میں واقع اٹارنی جنرل آفس کا چارج سنبھالیں گے۔ یادرہے کہ بیرسٹر خالد جاوید خان پیپلزپارٹی کے سابق رہنما این ڈی خان کے صاحبزادے ہیں۔ 2 عشروں سے زائد وکالت کا تجربہ رکھنے والے نئے اٹارنی جنرل سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قانونی مشیر بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کاتعلق کراچی سے ہے انہوں نے لندن سے ایل ایل بی کرنے کے بعد بی سی ایل کی ڈگری اوکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ ہاورڈ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کرنے کے بعد لنکن ان سے بار ایٹ لا کیا۔ب انہوں نے 1991 ء میں ہائی کورٹ سے وکالت شروع کی اور 2004 ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے تھے وہ 2013 ء میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے طورپر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں، جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے پی سی او کے خلاف تحریک کے سرگرم رکن بھی رہے۔