ْکنوینئر سینیٹر نعمان وزیر خٹک کی سربراہی میں سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

بجلی کے لائن لاسز، چوری اور ڈسٹری بوشن کمپنیوں کی جانب سے اٹھائے گئے انتظامی اور تکنیکی اقدامات پر تفصیلی غور

جمعرات 21 جون 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں جمعرات کو ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر نعمان وزیر خٹک کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں بجلی کے لائن لاسز، چوری اور ڈسٹری بوشن کمپنیوں کی جانب سے اٹھائے گئے انتظامی اور تکنیکی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ لائن لاسز اور بجلی کی چوری کی وجہ سے صارفین پر کافی بوجھ پڑ رہا ہے جس کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی چوری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کی روک تھام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پیپکو کے سربراہ اور دوسرے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ پیپکو حکام نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے پاس کوئی ایسا نظام نہیں ہے جو کہ کنڈے لگانے کے عمل کو روکنے میں کار آمد ثابت ہو تاہم لائن لاسز اور چوری کے باعث ہونے والے نقصان کو تمام صارفین پر یکساں تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پولیس کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔ ذیلی کمیٹی نے ہدایات دیں کہ اگلے اجلاس میں پیسکو بھی اپنی شرکت یقینی بنائے تاکہ لائن لاسز اور بجلی کی چوری کو روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔