انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے بین الصوبائی تبادلے کئے جائیں، سابقہ حکومت کے بھرتی کردہ اہلکاروں

کو پولنگ ڈیوٹی سے ہٹایا جائے ، پیر پگاڑا، چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، غوث علی شاہ

جمعرات جون 20:30

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے قائدین چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور جی ڈی اے کے رہنمائوں پیر صاحب آف پگاڑا پیر صبغت اللہ شاہ اور غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے بین الصوبائی تبادلے کیے جائیں، سابقہ حکومت کے بھرتی کردہ اہلکاروں کو پولنگ ڈیوٹی سے ہٹایا جائے تاکہ 2013ء کے دھاندلی شدہ الیکشن کی تاریخ دوبارہ نہ دہرائی جا سکے، مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میںپاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 2013ء الیکشن میں دھاندلی والے اقدامات اٹھائے گئے تھے، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا کہ امیدوار کو پولنگ اسٹیشن میں جانے سے روک دیا جائے۔

سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپنی پسند سے پنجاب میں افسر تعینات کیے گئے، عمل کچھ اور ہے زبانی کچھ اور ہے، 2013ء کے الیکشن میں انتخابات میں دھاندلی کی گئی، اس جیسے الیکشن ہمیں قابل قبول نہیں، اس طرح کے الیکشن سے انتشار پیدا ہو گا، سب سے پہلے ایک صوبے کے افسر کو دوسرے صوبے میں تعینات کیا جائے ان سب کے ہوتے ہوئے شفاف الیکشن ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

پیر صاحب پگاڑا نے کہا کہ آئندہ انتخابات کیلئے ہم تیار ہیں لیکن 2018ء کے الیکشن میں بھی پچھلے الیکشن جیسے ہوئے تو ملک کو نقصان ہو گا، 2013ء الیکشن میں پیپلزپارٹی ہار گئی تھی اور فنکشنل لیگ کی سیٹیں پیپلزپارٹی کو دی گئیں، سابق وزیراعلیٰ غوث علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں شکار پور کا ڈی سی اٹھا کر خیرپور میں لگا دیا گیا، الیکشن شفاف نہ ہوئے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، اس ملک کی بقا شفاف الیکشن میں ہے جب تک بیوروکریسی میں تبدیلیاں نہیں آئیں گی تب تک الیکشن شفاف نہیں ہوں گے الیکشن سے پہلے ہم اپنے تحفظات سامنے رکھ رہے ہیں، فوج بھی اپنے ساڑھے تین لاکھ افسر شفاف الیکشن کیلئے تعینات کر رہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، ہم چاہیں گے کہ ایسے سول افسر تعینات کیے جائیں جن کا سیاسی جماعتوں سے تعلق نہ ہو یہی صاف و شفاف الیکشن کی ضمانت ہے۔