Live Updates

چارسدہ ، ٹکٹوں کے غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کی احتجاجی ریلی بنی گالہ روانہ

پیرا شوٹ کے ذریعے آنیوالے شخص کو ٹکٹ دیکر انصاف کا جنازہ نکال دیا گیا ہے تحریک انصاف کانظریاتی کارکن ہوں 2013کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے شبقدر سے واضح برتری حاصل کی مگر ضلعی نظامت کسی اور کو دی گئی،سابق ایم پی اے عارف احمد زئی

جمعرات 21 جون 2018 20:40

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) سابق ایم پی اے عارف احمد زئی کی قیادت میں ٹکٹوں کے غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کی احتجاجی ریلی بنی گالہ روانہ ۔پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹوں پر بولی لگا دی ہے ۔ پی کے 60میں جس شخص کو ٹکٹ دیا گیا ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق ہی نہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے اور پی کے 60چارسدہ کے امید وار عارف احمد زئی کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے چارسدہ اسلام آباد موٹر وے انٹر چینج پر پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی طرف سے ٹکٹوں کے غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

اس موقع پر کارکنوں نے پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔سابق ایم پی اے عارف احمد زئی نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن ہے اور 2013کے انتخابات میں وہ واحد امید وار تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے شبقدر سے واضح برتری حاصل کی مگر ضلعی نظامت کسی اور کو دی گئی ۔

حالیہ سینٹ انتخابات میں انہوں نے کروڑوں روپے کی آفر ٹکرا کر ثابت قدم رہے اور پارٹی امید واروں کو ووٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی کے 60سے ان کے علاوہ پارٹی کے دیگر کارکنوں نے بھی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا ہے اگر پارٹی ان کو ٹکٹ نہیں دے رہی تو کسی اور پارٹی کارکن کو ٹکٹ دیں مگر پارلیمانی بورڈ نے دولت کے بل بوتے پر جہانگیر آصف نامی لڑکے کو ٹکٹ دیا ہے جو ابھی تک تحریک انصاف میں شامل بھی نہیں ہوئے اور نہ وہ شبقدر کے رہائشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیرا شوٹ کے ذریعے آنیوالے شخص کو ٹکٹ دیکر انصاف کا جنازہ نکال دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹوں پر بولیاں لگا رکھی ہے اور دولت کے بل بوتے پر ٹکٹ فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر چارسدہ میں تحریک انصاف کا جنازہ نکالنے کے درپے ہیں مگرہم حق و صداقت اور انصاف کیلئے جدو جہد اور احتجاج جاری رکھیں نگے کیونکہ یہی راستہ ہمیں عمران خان نے سکھایا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات