Live Updates

تحریک انصاف حکومت کے کرپشن کے حوالے سے ذمہ دار ادارے اذ خود نوٹس لیں، امیر مقام

عوام کا رحجان مسلم لیگ (ن) کی طرف ہے اور انشاء اللہ مرکز اور چاروں صوبوں میں مسلم لیگ حکومت بنائیگی تحریک انصاف نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ،عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے تحریک انصاف کے سوا ہر پارٹی سے انتخابی اتحاد کا آپشن کھلا ہے اور مرکزی قیادت کی ہدایت پر انتخابی اتحاد ضرور کرینگے ،چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جون 2018 20:40

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے کرپشن کے حوالے سے ذمہ دار ادارے اذ خود نوٹس لیں۔ عوام کا رحجان مسلم لیگ (ن) کی طرف ہے اور انشاء اللہ مرکز اور چاروں صوبوں میں مسلم لیگ حکومت بنائیگی ۔ تحریک انصاف کے سوا ہر پارٹی سے انتخابی اتحاد کا آپشن کھلا ہے اور مرکزی قیادت کی ہدایت پر انتخابی اتحاد ضرور کرینگے ۔

خیبر پختونخوا کے عوام اے این پی ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور تحریک انصاف کو آزما چکے ہیں ۔ اس بار عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر خدمت کا موقع دیں۔وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر این ا ے 24کے امید وار میاں عالمگیر شاہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کیا اور بڑے پیمانے پر کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ذمہ دار ادارے تحریک انصاف کے کرپشن کانوٹس لیکر لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانے میں جمع کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور مرکز سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف ،متحدہ مجلس، جے یو آئی ، پیپلز پارٹی اور اے این پی کو آزما چکے ہیں اس لئے خیبر پختونخوا کے عوام اس بار شیر کو کامیاب کریں کیونکہ مسلم لیگ (ن) ترقی اور خوشحالی کا دوسرا نام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چارسدہ میں پا سپورٹ آفس کا قیام اور عوام کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی ۔ مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی پارٹی ہے اور ایک نظرئیے کے تحت سیاست کر تی ہے جس کا محور عوام کی خدمت کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست سے شائستگی ختم کر دی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ 25جولائی کو مسلم لیگ ن چارسدہ سمیت خیبر پختونخواہ میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔

چارسدہ میں این اے 24کے امید وار میاں عالمگیر شاہ کی کامیابی یقینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم چارسدہ میں ایک بڑے ہسپتال کی منظوری دی جس میں میاں عالمگیرشاہ کی کاوشیں شامل تھی لیکن صوبائی حکومت نے اراضی فراہم نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے بعد چارسدہ میں بڑا ہسپتال بنائینگے اور جو علاقے سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں ان علاقوں کو گیس پہنچائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات