شہید بی بی کے عوامی خدمت کے مشن کی تکمیل کیلئے ہرسطح پراپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ملک محمد فیاض

جمعرات جون 20:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) چیئرمین ڈی ایم سی سائوتھ ملک محمد فیاض نے کہاہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو حق اور سچ کی خاطر قربانی دینے والوں کے عظیم جذبوں کا تسلسل ہے، جہاں محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پران کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں وہاں اس عزم کااعادہ کر رہے ہیں کہ شہید بی بی کے عوامی خدمت کے مشن کی تکمیل کیلئے ہرسطح پراپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوسی 12 کے چیئرمین حبیب حسن، بلدیہ جنوبی کونسل میں قائد ایوان محمود ہاشم ، علی سلیمان سومرو،ابراہیم گل،انورفوجی،احمدگھانچی،عبدالحمیدجت،تنویرہارون، خالد اور خواتین رکن حفیظہ نور،گلشن داد،حنیفہ لال محمد،انیسہ عمراورزینب سنگھاربھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین ملک محمدفیاض نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے سیاست میں مفاہمت ، برداشت اور عمل کی بنیاد رکھی اور اپنی زندگی میں کبھی بھی غیرجمہوری قوتوں سے مرعوب نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کیلئے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔