سارے معاملات گھر بیٹھ کر حل ہوسکتے تھے ،زعیم قادری نے جلد بازی کی ‘ رانا مشہود

ٹکٹوں کی تقسیم حمزہ شہباز نے نہیں پارلیمانی بورڈ نے کی، سمجھ نہیں آئی انہوں نے حمزہ شہباز کو کیوں ٹارگٹ کیا ‘ گفتگو

جمعرات جون 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہور احمد خان نے کہا ہے کہ سارے معاملات گھر بیٹھ کر حل ہوسکتے تھے لیکن زعیم قادری نے جلد بازی کی اور انہیں انتہائی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

زعیم قادری کو منانے میں ناکامی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پارٹی کا حق ہوتا ہے وہ جس امیدوار کو جہاں مناسب سمجھے اسے وہاں سے انتخاب لڑائے اور زعیم قادری کی صوبائی اسمبلی کی ٹکٹ میں کوئی ابہام نہیں تھا لیکن وہ قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے کی خواہش رکھتے تھے۔

انہوںنے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم حمزہ شہباز نے نہیں پارلیمانی بورڈ نے کی، سمجھ نہیں آئی انہوں نے حمزہ شہباز کو کیوں ٹارگٹ کیا ۔سارے معاملات گھر بیٹھ کر حل ہوسکتے تھے، انتہائی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں تھی، زعیم قادری نے جلد بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زعیم قادری کو سمجھایا بھی تھا کہ شہبازشریف کو آنے دیں مسئلہ حل کرلیں گے ۔ زعیم قادری کی پارٹی کیلئے خدمات اور وابستگی تھی ان کی علیحدگی بہت افسوسناک بات ہے۔