کے الیکٹرک کے خلاف صرف جماعت اسلامی نے ہی عوام کی ترجمانی کی ہے ، حافظ نعیم الرحمن

سیکو لر لابی ملک کا اسلامی تشخص ختم کر نا چاہتی ہے ، متحدہ نے 30سالوں میں عوام کی امیدوں کا قتل کیا ،اجتماع کارکنان سے خطاب

جمعرات 21 جون 2018 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیکولر اور لبرل لابی پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنا چاہتی ہے۔انتخابات میں مجلس عمل کا مقابلہ کرپٹ عناصر اور لبرل و سیکولر قوتوں سے ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ نے گزشتہ تیس سالوں میں کراچی کے عوام کی امیدوں کا قتل کیا ہے۔

کے الیکٹرک کے ساتھ تمام پارٹیوں نے سودے بازی کی اور خاموشی اختیار کی صرف جماعت اسلامی نے ہی عوام کی ترجمانی کی ہے ۔ کراچی میں حالات تبدیل ہو رہے ہیں ۔ مجلس عمل ایک بڑی قوت کے ساتھ اسمبلی میں پہنچے گی اور عوام کی ترجمانی کرے گی ۔کارکنان یکسوئی کے ساتھ انتخابی مہم شروع کریں ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے مسجد قریشاں ، چراغ ہوٹل لانڈھی میں قومی اسمبلی این ای240 کے اجتماع کارکنان سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم اور این ای240 کے امیدوار عبدالجمیل خان،الیکشن سیل کے انچارج ونائب امیر ضلع سید اقبال سعید،نائب امیر سلطان احمد نجمی،سیکریٹری ضلع مرزا فرحان بیگ،پی ایس97 کے امیدوار منصور فیروز،پبلک ایڈکمیٹی کے جنرل سیکریٹری ماجد شیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لبرل اور سیکولر لابی کی یلغار کے سامنے متحدہ مجلس عمل چٹان کی طرح کھڑی ہے ۔

جماعت اسلامی نے کراچی کی عوام کی ہمیشہ بلاتفریق خدمت کی ہے۔کے الیکٹرک ،نادرا پانی کے مسئلے پر ہم نے ہی آواز اٹھائی جبکہ کے الیکٹرک کے مسئلے پر تمام جماعتوں نے سودے بازی کی اور خاموشی اختیار کی ۔کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم پر اپنا سب کچھ نچھاور کر دیا تھا لیکن اس پارٹی نے مظلوم عوام کی امیدوں اور تمناں کا خون کیالیکن آج حالات تبدیل ہو رہے ہیں ۔

عوام اب مزید لسانی یا گروہی سیاست کا شکار نہیں ہونگے۔متحدہ مجلس عمل کا اتحاد اللہ کا انعام ہے۔مجلس عمل ایک موثر قوت بن کر پارلیمنٹ میں پہنچے گی۔سیکو اور لبرل لابی جو کہ مختلف جماعتوں میں موجود ہے اسے پاکستان کے نام کے ساتھ اسلامی کھٹک رہا ہے۔قرار داد مقاصد،ختم نبوت کا قانون،ناموس رسالت ؓکا قانون،نصاب میں اسلامی مضامین کوختم کرنا ان کا ایجنڈا ہیں۔

مجلس عمل ان کے ایجنڈے کو ناصرف ناکام بنائے گی بلکہ پاکستان میں مدینے والا نظام نافذکرنے کی بھرپور جدوجہد کرے گی ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے برے سے برے وقت میں بھی کلمہ حق بلند کیا ہے۔شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔آج حالات ماضی سے بہت مختلف ہیں ۔ انشا اللہ تبدیلی ہم ہی لائیں گے اور مجلس عمل شہر میں ریکارڈکامیابی حاصل کرے گی۔

جماعت اسلامی کے کارکنان پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اتریں کامیابی ضرور حاصل ہو گی ۔سید اقبال سعید نے کہا کہ ہمارا ہوم ورک مکمل ہے ۔ہمیں پوری تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینا ہے ۔سلطان نجمی نے کہا کہ اللہ ہمیں انعام سے نوازنا چاہتا ہے ۔مجلس عمل کی فتح یقینی ہے۔فرحان بیگ نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد ملک میں اخوت ومحبت کا پرچار کریگا۔ منصور فیروز نے کہا کہ پی ایس97 میں ہماری پوزیشن بہت بہترہے۔ہم واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔ماجد شیخ نے کہاکہ کارکنان پوری قوت کے ساتھ الیکشن مہم میں اتریں ۔اس موقع پر ماجد شیخ اور ناصر انصاری نے ایک ایک لاکھ روپئے الیکشن فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔