آرمی چیف کی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

مشکل وقت میں بیگم کلثوم نواز اور ان کے خاندان کے لیے دعاگو ہو ں ، جنرل قمر جاوید باجوہ

جمعرات 21 جون 2018 21:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ مشکل وقت میں بیگم کلثوم نواز اور ان کے خاندان کے لیے دعاگو ہیں۔آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کے لیے گلدستہ بھی بھجوایا اور کہا کہ 'اللہ تعالی انہیں جلد از جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائی'۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک وینٹی لیٹر پر ہیں۔

(جاری ہے)

دو روز قبل طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضائے رئیسہ درست کام کررہے ہیں، وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد ایک بار انہوں نے آنکھیں بھی کھولیں جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے سابق خاتون اول کی نگہداشت کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد سے اب تک انہوں نے بیگم کلثوم کو ہوش میں نہیں دیکھا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ دعاؤں میں بیگم کلثوم کو یاد رکھنے پر وہ قوم کے شکرگزار ہیں۔