سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اثاثوں کی کل مالیت 17 کروڑ 84 لاکھ روپے جبکہ 2017 میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا

جمعرات 21 جون 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی میں خواجہ سعد رفیق نے اپنے اثاثوں کی کل مالیت 17 کروڑ 84 لاکھ روپے ظاہر کی ہے جب کہ انہوں نے لوہاری میں 2 وراثتی گھروں کی مالیت ایک لاکھ 25 ہزار روپے ظاہر کی۔

دستاویز کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے کزن سے 2 کروڑ 95 لاکھ روپے قرض بھی لے رکھا ہے جب کہ انہوں نے ڈی ایچ اے فیز 2 میں گھر کی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔سابق وزیر ریلوے نے موضع پھلروان میں 16کنال اراضی کی مالیت 3 کروڑ 46 لاکھ روپے ظاہر کی، سعدین ایسوی ایٹس مارکیٹنگ اینڈ کنسلٹینسی کی مالیت 2 کروڑ 98 لاکھ کے علاوہ ایک کروڑ 40 لاکھ روپے نقد اور پرائز بانڈ ظاہر کیے۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے 25 لاکھ روپے کا فرنیچر اور بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے ظاہر کیے۔سابق وزیر ریلوے کے جمع کرائے جانے والے حلف نامے کے مطابق ان کی دو بیویاں، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔دستاویز کے مطابق سعد رفیق نے 2015 میں 2 کروڑ 26 لاکھ روپے آمدن پر 29 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ 2016 میں 2 کروڑ 99 لاکھ آمدن پر 39 لاکھ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔اسی طرح 2017 میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ سعد رفیق نے کاغذات نامزدگی میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔