لاہور میں ٹکٹوں کا اجرائ:ن لیگ بلدیاتی سطح پر دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی

جمعرات 21 جون 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 اور صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدواروں کو پارٹی کے ٹکٹوں کے اجراء کے ایشو پر بلدیاتی سطح پر مسلم لیگ (ن) دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے، اس حوالے سے شروع ہونے والی سازشوں کے نتیجے میں لاہور کے بلدیاتی یونینوں کے چیئرمینوں نے صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی مخالفت شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گزشتہ روز لاہور کی مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمنوں کے ایک وفد نے (ن) لیگی قومی اسمبلی کے امیدوار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور لاہور سے حلقہ پی پی 156 سے متوقع (ن) لیگی امیدوار میاں وحید کی مخالفت کرتے ہوئے پھٹ پڑے۔ ان چیئرمینوں کا موقف تھا کہ میاں وحید کو ٹکٹ نہ دیا جائے۔ اگر انہیں ٹکٹ دیا گیا تو وہ میاں وحید کی مخالفت کریں گے جبکہ لیگی حلقے اس سارے کھیل کے پیچھے سابق لیگی ایم این اے روحیل اصغر کو قرار دے رہے ہیں۔