یورپ کا ٹرمپ کو جواب: امریکی درآمدات پر بھی اضافی محصولات لگادیں

جمعرات 21 جون 2018 21:30

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) امریکا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی جنگ میں یورپ نے بھی صدر ٹرمپ کو درآمدی محصولات کے حوالے سے مناسب جواب دے دیا ہے۔ اب امریکی مصنوعات کی یونین میں درآمد پر اربوں یورو کے نئے محصولات کا نفاذ بائیس جون سے ہو جائے گا۔ برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے جاری رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز سے یورپ سے امریکا درآمد کی جانے والی فولاد اور ایلومینیم کی مصنوعات پر 10 سے لے کر 25 فیصد تک جو نئے اور اضافی محصولات عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان کی وجہ سے برسلز اور واشنگٹن کے مابین تجارتی شعبے میں پہلے سے پایا جانے والا اختلاف رائے مزید شدید ہو گیا تھا۔

یورپی یونین کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو امریکا کے اقتصادی مفادات کے تحفظ کے نام پر ایسے حفاظت پسندانہ فیصلے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

لیکن اگر انہوں نے یہ فیصلہ کر ہی لیا ہے تو یورپ بھی خاموش نہیں بیٹھے گا اور یورپی یونین کے رکن ممالک میں امریکی مصنوعات کی درآمد پر بھی جوابا اضافی محصولات عائد کر دیے جائیں گے۔اب اس سلسلے میں یورپی یونین نے اپنا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے اور یورپ میں امریکی مصنوعات کی درآمد پر اربوں مالیت کے جوابی اضافی محصولات عائد کر دیے جائیں گے۔ ان نئے درآمدی محصولات کی مالیت 2.8 ارب یورو بنتی ہے، جو 3.4 ارب امریکی ڈالر کے برابر ہو گی اور ان نئے محصولات کا نفاذ صرف دو روز بعد جمعہ بائیس جون سے ہو جائے گا۔۔