معروف پاکستانی سفیر جمشید شیر مارکر 95 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

سال تک سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے والے واحد سفیر تھے ، نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ، کرکٹ کمنٹری شروع ہوئی تو پہلی آواز جمشید مارکر کی ہی تھی

جمعرات 21 جون 2018 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) معروف پاکستانی سفیر جمشید شیر مارکر 95 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔جمشید مارکر 24 نومبر 1922 کو حیدر آباد دکن کے معروف پارسی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ وہ اپنے فیملی بزنس کی نگرانی کررہے تھے، جب انھیں پہلی بار لیاقت علی خان شہید نے سفارتکار بننے کی دعوت دی۔ جمشید مارکر کو یہ منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ 19 ممالک میں سفیر اور ہائی کمشنر کی ذمہ داری نبھانے والے سفارت کار رہے جس پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ دی ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

جمشید مارکر پاکستان کے واحد سفارتکار تھے جنہوں نے سفیر کے طور پر مسلسل 30 سال خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں اور ان کی گوناگوں خوبیوں کے باعث سفارتی حلقوں میں نہایت عزت و احترام کی نظروں سے دیکھا جا تا رہا۔پاکستان میں جب کرکٹ کمنٹری شروع ہوئی تو ہوا کے دوش پر جو پہلی آواز گونجی وہ جمشید مارکر کی تھی۔ کراچی کے تمام معروف افراد اور فیمیلیز کے ساتھ ان کے دوستانہ مراسم تھے۔ وہ ایک لبرل اور مغربی طرزِ معاشرت کے پیروکار رہے ہیں۔ انہیں اردو، انگریزی، گجراتی، فرانسیسی، جرمن اور روسی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔۔