نوجوان نسل کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،چوہدری ظفراقبال

جمعرات 21 جون 2018 21:30

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) نوجوان نسل کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،جبکہ سابقہ حکومت نے جس طرح انٹرویو کا ڈرامہ لگا کر نوجوانوں کو مستقبل خراب کیا،ہم انشاء اللہ آکر ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کریںگے،ان خیالات کااظہار پی ٹی آئی کے صوبائی راہنما حلقہ پی پی 26کے امیدوار چوہدری ظفراقبال نے الیکشن کے ضمن میں جہلم شہر کے وارڈز میں اپنی پارٹی کے نوجوان کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آفتاب احمد،حافظ بشارت،کونسلر راجہ شہباز،چوہدری نبی احمد نمبردار،کے علاوہ سینکڑوں نوجوان موجود تھے،انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے عوام کو جو وسائل دیئے اس سے عام آدمی کو ریلیف نہیں ملا جبکہ انہیں روزگارسے پابندی اٹھا کر نوجوانوں کو روزگار دینا چاہیے تھا لیکن نام کے خادم اعلیٰ نے ملازمتوں کے اشتہار دے کر نوجوانوں کی توجہ اس طرف کروائی لیکن تمام کام مکمل ہونے کے بعد کرپشن کا بہانہ بنا کر اس سے منسوخ کر دیا گیا،چاہیے تو یہ تھا کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے بنانے کی بجائے صوبہ پنجاب میں صنعت لگا کر نوجوانوں کو روزگار دیا جاتا لیکن شاید ا س میں حکمرانوں کا اپنا مفاد مجروع ہوتا تھا اس لیے انہوں نے اس طرف توجہ نہ دی،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آج کی نوجوان نسل ہمارا اثاثہ اور سرمایہ ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیاب کیا اور آپ نے ضمیر کے مطابق ووٹ دیئے تو میرا آپ سے وعدہ ہے کہ کوئی نوجوان بے روزگار نہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست کو ہم عبادت سمجھتے ہیں جبکہ ہم آپ کی دعائوں اور راہنمائی کے ساتھ اپنی منزل کو حاصل کرنے کی کوشش کریںگے۔